عثمان مرزا ودیگر کیسز ہمارے نظام انصاف کیلئے چیلنج ہیں: فواد چودھری

عثمان مرزا ودیگر کیسز ہمارے نظام انصاف کیلئے چیلنج ہیں: فواد چودھری
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے عثمان مرزا کیس، جی ٹی روڈ ریپ کیس اور جتوئی کیس کو پاکستانی نظام انصاف کیلئے چیلنج قرار دیدیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری نے لکھا کہ سوال یہ ہے کہ یہ کیسز روزانہ کی بنیاد پر کیوں نہیں چل رہے اور ان کو عمومی مقدموں کے طور پر کیوں لیا جا رہا ہے؟ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن اور عدالت اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا ریاست کا فرض ہے۔ https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1481127995779784706?s=20 خیال رہے کہ گذشتہ روز عثمان مرزا کیس کی مدعی خاتون نے ملزموں کو پہچاننے سے انکار کر دیا تھا۔ مختلف ذرائع سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ملزموں نے صلح کیلئے متاثرہ نوجوان جوڑے کو پیسے دے کر اپنے حق میں بیان دلوایا لیکن اس کی ابھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ ادھر موٹروے ریپ کیس بھی ابھی تک عدالت میں چل رہا ہے۔ اس مکروہ جرم میں ملوث مجرموں نے سزا کیخلاف اپیل کر رکھی ہے جبکہ دوسری جانب کراچی میں نوجوان کے قتل کیس میں ملوث بااثر شخص شاہ رخ جتوئی کو بھی مکمل پروٹوکول کے تحت ایک نجی ہسپتال میں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔