عمران خان کا انتخابی ریلی کل تک ملتوی کرنے کا اعلان

عمران خان کا انتخابی ریلی کل تک ملتوی کرنے کا اعلان
لاہور: سابق وزیرا عظم عمران خان نے انتخابی ریلی کل تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دفعہ 144 غیرقانونی طور پر صرف اور صرف پی ٹی آئی کی انتخابی مہم پر لگائی گئی ہے، لاہور میں دیگر تمام عوامی سرگرمیاں جاری ہیں، صرف زمان پارک کو کنٹینرز لگا پولیس کی بھاری نفری نے گھیر لیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے تو پولنگ سرگرمیوں پر دفعہ 144 کیسے لگائی جا سکتی ہے؟ پنجاب کے وزیراعلی اور پولیس واضح طور پر 8 مارچ کی طرح تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں، ان کا مقصد پی ٹی آئی لیڈرشپ اور کارکنوں کےخلاف مزید جعلی ایف آئی آر درج کرنا اور انتخابات ملتوی کرانا ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسی لیے ریلی کل تک ملتوی کر دی ہے، چیئرمین تحریک انصاف نے کہا پی ٹی آئی کے تمام ورکرز کو کہہ رہا ہوں کہ اس جال میں نہ آئیں۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ابھی عمران خان کے ساتھ بات ہوئی ہے، پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے، ہم پرامن انتخابات اور پرامن انتقال اقتدار چاہتے ہیں، ارباب اختیار شہر کے راستےکھول دیں۔ ہمیں دیوار سے لگایا گیا لیکن ہم نے آئین اور قانون کا راستہ نہیں چھوڑا۔ خیال رہےکہ آج پی ٹی آئی نے لاہور میں ریلی نکالنےکا اعلان کیا تھا، عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا تھا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بیان کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانےکی آزادی ہے، ہم نے آج کے لیے ریلیاں اور سیاسی سرگرمیاں محدود کر دی ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کرکٹ میچ، ٹیم کی نقل و حرکت اور میراتھن ہے، اس حوالے سے تمام منصوبہ بندی کی گئی تھی اور بہت پہلے اعلان کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔