واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے زیر اہتمام Gen2PK میں سرمایہ کاری کے موضوع پر ورچوئل پاکستانی امریکن یوتھ کنونشن 2021 کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے بھی خطاب کیا۔
ورچوئل کنونشن میں ڈاکٹر رضوان خالد ، صدر اے پی پی این اے ، معظم چوہدری ، صدر اوپن گلوبل ، ڈاکٹر ناصر قریشی ، چیئرمین اے پی ایف ، محترمہ سبینہ ظفر ، کونسل ممبر سٹی سان ریمون اور بوسٹن یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر عادل نجم بھی شریک ہوئے۔
مقررین نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم کرنےمیں پاکستانی امریکی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ افتتاحی کلمات میں سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے کنونشن کے مقاصد اور ( Gen2PK) کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ یوتھ کنونشن جیسے پلیٹ فارمز نئی پاکستانی امریکی نسل کے پاکستان سے روابط کو مضبوط کرنے میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان پاک امریکہ پارٹنرشپ کی کامیابی میں نئی پاکستانی امریکی نسل کا کلیدی کردار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوتھ کنونشن کے انعقاد سے نئی پاکستانی امریکی نسل کے پاکستان کی تاریخ اور ثقافتی ورثے سے روابط پیدا ہوں گے۔ مقررین نے نئی پاکستانی امریکی نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لئے سخت محنت اور جذبے سے کام کریں۔
کنونشن کے اختتام پر شرکا نے نوجوانوں کے سوالات کےجوابات بھی دیئے۔
سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سفارتخانہ آئندہ بھی باقاعدگی سے یوتھ کے لیے شمولیتی پلیٹ فارمز کا انعقاد جاری رکھے گا۔