امریکی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والا مشتبہ شخص گرفتار

امریکی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والا مشتبہ شخص گرفتار
امریکی خفیہ دستاویزات افشا کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ امریکی میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ریاست میساچوسٹس کے ائیرنیشنل گارڈز کے رکن جیک ٹیکسیرا کے طور پر ہوئی ہے ۔ جیک ٹیکسیرا کو ایف بی آئی نے میساچوسٹس سے گرفتار کیا ہے ، ایف بی آئی کے مطابق یوکرین جنگ سے متعلق خفیہ دستاویزات لیک کرنیوالے جیک کو آج ہی عدالت میں پیش کر دیا جائے گا ۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملزم اس آن لائن گروپ کا لیڈر ہے جس پر دستاویزات جاری کی گئی تھیں ، ایف بی آئی کی جانب سے ملزم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے ۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کا کہنا ہے کہ ملزم نے جان بوجھ کر مجرمانہ اقدام کیا ہے ۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق 21 سالہ جیک ٹیکسیرا 20 سے 30 افراد پر مشتمل ٹھگ شیکر سینٹرل نامی آن لائن گروپ کی قیادت کرتا ہے ، اس آن لائن گروپ پر ویڈیو گیمز ، بندوقوں سے دلچسپی کے پیغامات اورنسل پرستانہ میمز شیئر کیے جاتے ہیں ۔ امریکی محکمہ انصاف نے لیک ہونے والی خفیہ دستاویزات کی تحقیقات کا پچھلے ہفتے آغاز کر دیا تھا ، پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات انسٹنٹ میسجنگ پلیٹ فارم ڈسکورڈ پر بھی شیئر کی گئی تھیں ۔ امریکی خفیہ دستاویزات میں روس پر حملے کیلئے یوکرین کو مسلح کرنے سے متعلق معلومات شامل تھیں ، جنگی منصوبے میں یوکرینیوں کی غیرمعمولی اموات کا ذکر بھی کیا گیا تھا ۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنگ میں اب تک 71 ہزار 500 یوکرینی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ جنگ میں 16ہزار سے17ہزار روسی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔ خفیہ دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا کہ یوکرین کی 12 میں سے 9 بریگیڈ امریکا نے مسلح کیں۔ اس کے علاوہ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ امریکا اپنے اتحادی جنوبی کوریا کی بھی جاسوسی کرتا رہا ہے جب کہ لیک ہونے والی حساس امریکی دستاویزات میں چین سے روس کو مہلک ہتھیار فراہم کرنے کے ارادے کا بھی ذکر تھا ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔