ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں بتایا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے اتوار کو علی الصبح اسلام آباد پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا کہناہے کہ نیوزی لینڈ کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر مائیکل بریس ویل کریں گے۔
کیویز کو کین ولیمسن اور مچل سینٹنر جیسے سینیئر کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہو گی جنہوں نے پاکستان میں سیریز کھیلنے کی بجائے انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کا 14 روزہ پاکستان کا دورہ 14 سے 28 اپریل تک جاری رہے گا، اس دوران وہ 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی میں اور 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں دو ٹی 20 میچ کھیلے گی۔
یہ سیریز دونوں ٹیموں کو جون 2024 میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے بہترین تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف اس سیریز میں فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ لینے کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ دونوں کرکٹرز نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ سے واپس آ رہے ہیں اور ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پاکستان نے عثمان خان کو بھی سکواڈ میں شامل کیا ہے جو اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی قومی ٹیم کے رکن تھے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف رواں سال پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ میں کندھے کی انجری کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔