ویب ڈیسک: بنگلادیش میں شیخ حسینہ کے وزارت عظمیٰ سےمستعفی ہونے اور ملک سے فرار ہونے کے باوجود عوام کا غصہ برقرار ہے،عدالت میں پیشی کے دوران شیخ حسینہ کے حامیوں پر انڈوں کی بارش کردی گئی۔
ڈھاکا کی چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ کے باہر وکلاء اور عام لوگوں نے پولیس وین پر انڈے برسادیے، اس وین میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے دور میں نجی صنعت کے مشیر سلمان ایف رحمان اور سابق وزیر قانون انیس الحق موجود تھے،پولیس کی وین ملزمان کو لے کر عدالت کے احاطے میں پہنچی تو وہاں موجود وکلاء اور لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اور پولیس کی گاڑی پر ہی انڈے مارنا شروع کردیے۔
شیخ حسینہ واجد کے دور میں وفاقی وزیر رہنے والے دونوں ملزمان کو پانی کے راستے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا، جنہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا تھا،عدالت نے انیس الحق اور سلمان ایف رحمان کو 10 دن کے ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔
عوام کی جانب سے شدید غصے کا اظہار کیے جانے کی وجہ سے ملزمان کو پنجروں نما بنے سیل میں محفوظ بناتے ہوئے عدالت میں پیش کیا گیا تھا،ملزمان پر کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے دوران 24 سالہ شاہجہاں علی کے قتل کی سازش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔