ویب ڈیسک: فلم ساز روہت شیٹی نے تصدیق کی کہ سنگھم اگین دیوالی کے مبارک موقع پر ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔
تفصیلا ت کے مطابق کچھ روز قبل اجے دیوگن نے ’ سنگھم اگین‘ کے بارے میں بات بات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ابھی انہیں ریلیز کی کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ فلم ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔
اس فلم کے رواں سال اگست میں ریلیز ہونے کا امکان تھا لیکن اب فلم کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل میڈیا سے بات چیت میں اجے دیوگن نے سنگھم اگین کی ریلیز میں تاخیر کے بارے میں بات کی تھی، انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ فلم کے کچھ سین شوٹنگ کے ساتھ ساتھ کچھ پوسٹ پروڈکشن کے کام کی وجہ سے غیر متوقع تاخیر کا سامنا ہے۔
روہت شیٹی کی فلموں کی خاصیت ایکشن سین اور گاڑیوں کا زمین تو کبھی ہوا میں تباہ ہونا ہے اور ایسا ہی کچھ اجے دیوگن کے ساتھ بننے والی فلم 'سنگھم' میں دیکھا گیا جو ایکشن اور فائٹنگ سے بھرپور تھی۔
یہ فلم بھارتی پولیس پر بنائی گئی جس کے پہلے اور دوسرے سیکوئل میں اجے دیوگن کو بطور پولیس افسر کاسٹ کیا گیا پھر 2018 میں روہت نے رنویر سنگھ کے ساتھ فلم 'سمبا' بنائی جس میں رنویر سنگھ بہادر پولیس افسر بنے نظر آئے۔
سال 2021 میں اکشے کمار، اجے دوگن اور رنویر سنگھ جیسی میگا کاسٹ کو ایک ساتھ فلم ' سوریا ونشی' میں لیا گیا جو پولیس کے فرائض سرانجام دیتے دکھے۔
سنگھم اگین میں روہت شیٹی کے 'کاپس ورلڈ' میں ارجن کپور کا بھی اضافہ ہوا جو فلم میں منفی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔
شائقین اپنے پیارے انسپکٹر باجی راؤ سنگھم کی بڑی اسکرین پر واپسی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
اس فلم میں اجے دیوگن، اکشے کمار، رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون مرکزی کردار ادا کریں گے۔