(ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ اجلاس آج ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف صدارت کریں گے، وفاقی کابینہ 15 نکاتی طویل ایجنڈے پر غور کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرہ کے چیئرمین کی تعیناتی کا فیصلہ کیا جائے گا، قومی پیداواری آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹیو افسر کی تعیناتی کا فیصلہ کیا جائے گا،بلوچستان میں فوج اور انٹیلی جینس اہلکاروں کی تعیناتی کا ایجنڈا زیر غور آئے گا،چین کی جانب سے بلوچستان پولیس کے لیے عطیہ کئے جانے والے اسلحہ پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ کی منظوری دی جائے گی۔
کابینہ سول اور کمرشل معاملات پر پاکستان اور ایران کے مابین معاہدے کی توثیق کرے گی،ایم ڈی کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا جائے گا ،فشریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے سفارش کردہ چیئرمین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دی جائے گی۔
فلسطین کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد بھیجنے کی منظوری دی جائے گی،حاملہ خواتین کے لئے وزارت صحت کی سمری پر ملٹی مائیکرو نیوٹرینٹ سپلیمنٹ کی بوتلوں کو ڈیوٹی اور ٹیکس فری کرنے کی منظوری دی جائے گی ۔
وزارت مذہبی امور اور سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی جائے گی، وفاقی کابینہ توشہ خانہ پراسیجر میں ترامیم کی منظوری بھی دے گی،اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 مئی کو ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 7 مئی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔