فخر زمان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا

فخر زمان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا
لاہور: عثمان قادر کی جگہ فخر زمان کو 15 رکنی قومی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان نے لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ بیٹر فخر زمان کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنالیا ہے۔ عثمان قادر بحیثیت ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی قومی اسکواڈ کے ہمراہ آسٹریلیا میں ہی رہیں گے۔ عثمان قادر 25 ستمبر کو انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ ان کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں ہیرلائن فریکچر کی تشخیص ہوئی تھی۔ وہ 22 اکتوبر تک سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ اس سے قبل فخر زمان ان تین کھلاڑیوں میں شامل تھے جو ریزرو کرکٹر کی حیثیت سے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل تھے۔ وہ شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ ہفتے کے روز لندن سے برسبین پہنچ جائیں گے۔ پاکستان کو برسبین میں انگلینڈ اور افغانستان کےخلاف بالترتیب 17 اور 19 اکتوبر کو وارم اپ میچز کھیلنے ہیں۔

پاکستان اسکواڈ: پاکستان اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود جبکہ ٹریول ریزروز میں محمد حارث، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں ۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان کے میچز کا شیڈول:

23 اکتوبر - بمقابلہ انڈیا، میلبرن 27 اکتوبر – بمقابلہ کوالیفائر، پرتھ 30 اکتوبر - بمقابلہ کوالیفائر، پرتھ 3 نومبر - بمقابلہ جنوبی افریقہ، سڈنی 6 نومبر - بمقابلہ بنگلہ دیش، ایڈیلیڈ

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔