قا ئد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کی بیجنگ آرٹ میوزیم میں نقاب کشائی

قا ئد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کی بیجنگ آرٹ میوزیم میں نقاب کشائی
لاہور: بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے کی نقاب کشائی بیجنگ کے جن تھائے آرٹ میوزیم میں کی گئی۔ چینی میڈیا کے مطابق اس اہم ثقافتی تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق ،معزز چینی شخصیات ،پاکستانی سفارت خانے کے عہدہ داروں اور ممتاز پاکستانی افراد نے شرکت کی۔ یہ تقریب چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار دوستی کا ثبوت ہے، جس میں فن کے ذریعے سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔اس شاندار مجسمے کو معروف چینی مصور یوآن شی کون نے تیار کیا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ دونوں ممالک کےدو طرفہ تعلقات اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں اس مجسمے کی نقاب کشائی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے فریقین کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے چینی حکومت کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ مجسمہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اور چین اپنے بانی قائدین کے وژن کو آگے بڑھائیں گے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان چین ہم نصیب سماج تشکیل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے اور افرادی تبادلوں کو فروغ دینے کی ہماری جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ دونوں اقوام کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے میں عوامی سفارت کاری کی اہمیت کی مثال ہے۔ بیجنگ جن تھائے آرٹ میوزیم کے ڈائریکٹر ماسٹر یوآن شی کون نے کہا کہ ہمیں اس شاندار مجسمے کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جو نہ صرف پاکستان کی فنکارانہ صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ہماری اقوام کے درمیان مضبوط رشتوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ آرٹ میں امن، بھائی چارہ اور دوستی کے پیغامات کو آگے بڑھانے کی منفرد صلاحیت ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔