کراچی ( پبلک نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیسز میں سابق صدر آصف زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت مل گئی۔ احتساب عدالت نے آصف زرداری کی ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ نیو یارک اپارٹمنٹس کی نیب انکوائری کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف زرداری کی ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت دی۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ آصف زرداری کو صحت کے مسائل کی وجہ سے کیس میں مستقل ضمانت دی جاتی ہے۔ ان کے خلاف نیویارک پراپرٹی کیس انکوائری کے مرحلے میں ہے۔ نیب کا کیس میں آصف زرداری کے خلاف شواہد اکٹھے کرنا ابھی باقی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ نیب ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سابق صدر کی ضمانت منسوخی کی درخواست دے سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ نیب کو آصف زرداری کے خلاف اثاثہ جات کی شکایات 2018 اور 2019 میں موصول ہوئیں، نیب کو جے آئی ٹی رپورٹ اپریل 2019 میں موصول ہوئی۔ آصف زرداری دوسرے مقدمے میں گرفتار ہونے کے بعد دسمبر 2019 میں رہا ہوئے۔