اس سے قبل ایک بیان میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و سابق سیکرٹری جنرل پنجاب شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب کی موجودہ حکومت تحریک انصاف ہی نہیں عمران خان کیلئے بھی باعث ندامت ہے.
علیم خان کے قریبی ساتھی شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ جن اصولوں کیلئے پی ٹی آئی نے جدوجہد کی پنجاب حکومت نے اُن کی دھجیاں اڑا دیں، پنجاب میں کرپشن اور اقربا پروری انتہا پر ہے،کوئی کام رشوت کے بغیر ممکن ہی نہیں، صوبے میں تمام انتظامی عہدے پیسوں کے لین دین سے دیے جا رہے ہیں.
سابق سیکرٹری جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں لیاقت اور دیانتداری کوئی معیار نہیں، معیار صرف اور صرف رشوت ہے، اس وزیر اعلیٰ کا پی ٹی آئی کی تحریک،کارکنوں اور منشور سے دور کا بھی تعلق نہیں، 4سال بعد بھی وزیر اعلیٰ کو علم ہی نہیں کہ کس کارکن نے پی ٹی آئی کیلئے کیا قربانیاں دیں؟ قربانیاں دینے والے کارکنوں کو پنجاب حکومت نے یکسر نظر انداز کر دیا، موجودہ بحران صرف اور صرف بزدار حکومت کی نااہلی اور نالائقی کا نتیجہ ہے.
انکا کہنا تھا کہ اس بحران کا آغاز 4سال قبل بزدار کے وزیر اعلیٰ بننے سے شروع ہوا، جتنا نقصان بزدار حکومت نے پی ٹی آئی اور عمران خان نے پہنچایا،ساری اپوزیشن مل کر بھی نہیں پہنچا سکی، عبدالعلیم خان اور اُن کے ساتھیوں نے جتنا کام پی ٹی آئی کیلئے کیا اس کے سب معترف ہیں، عبدالعلیم خان 8برسوں تک حکومت وقت کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے، وہ کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے اور پارٹی کیلئے بھرپور خدمات سر انجام دیں.
شعیب صدیقی کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ صرف عبدالعلیم خان ہی نہیں پارٹی کے تمام مخلص کارکنوں اور لیڈر کے ساتھ یہی سلوک کیا، موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کا کوئی کارکن،ایم پی اے و ایم این اے پنجاب حکومت سے مطمئن نہیں، سب کے سب پی ٹی آئی کے نقصان کا ذمہ دار بزدار حکومت کو قرار دیتے ہیں.