ویب ڈیسک: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی بات کی جائے تو حکومت کی جانب سے تاحال قیمتوں میں کمی یا اضافے کی کوئی منظوری نہیں دی گئی مگر بھارتی حکومت نے ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان عوام کو خوشخبری سنادی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مرکزی حکومت نے عام انتخابات سے قبل اہم فیصلہ لیتے ہوئے ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی کس دو روپے کی کمی کی ہے، نئی قیمتوں پر جمعہ کے روز عمل درآمد کیا گیا۔
وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 15 مارچ کی صبح 6 بجے سے کردیا جائے گا۔
دوسری جانب بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں کے درمیان بحیرہ احمر سے دور جانے والے بحری جہازوں کی ایندھن کی بڑھتی ہوئی ضروریات کی وجہ سے عالمی تیل کی طلب توقع سے زیادہ بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ماہانہ تیل کی رپورٹ میں پیرس میں قائم ایجنسی نے بحیرہ احمر میں یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں کی وجہ سے تیل کی عالمی طلب میں 110,000 بیرل یومیہ اضافے کی اپنی سابقہ پیش گوئی سے نظرثانی کی ہے۔
آئی ای اے نے کہا کہ اس سال عالمی تیل کی طلب میں 1.3 ملین بی پی ڈی اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔