کارکنوں، رہنماؤں کی جانب اٹھنے والی آنکھ نکال دیں گے،ہاتھ کاٹ دیں گے، صاحبزادہ حامد رضا

کارکنوں، رہنماؤں کی جانب اٹھنے والی آنکھ نکال دیں گے،ہاتھ کاٹ دیں گے، صاحبزادہ حامد رضا
کیپشن: Sahibzada Hamid Raza will remove the eyes raised towards the workers and leaders, will cut off their hands

ویب ڈیسک: سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں نے فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ عمران خان کی رہائی پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ اب کارکنوں یا رہنماؤں کی جانب اٹھنے والی ہر آنکھ کو نکال دیں گے اور ہر ہاتھ کو کاٹ دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چئیرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا پہلا جلسہ پشین میں ہوا۔ سب سیاسی جماعتوں نے ان علاقوں میں متحد ہو کر روایت قائم کی۔ پنجاب کی وزیراعلی اور انتظامیہ کو بتا دیں کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا اجازت ملتی یا نہیں ہم نے جلسہ کرنا تھا۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ پارٹی قیادت نے کہا کہ ہم اپنے کارکنوں کو مشکل میں نہیں ڈالیں گے۔ فیصل آباد اب اگر ہمارے پارلیمنٹرین یا کارکنوں کی طرف آنکھ اٹھی یا ہاتھ اٹھا تو اسے نکال دیں گے یا کاٹ دیں گے۔ 

انہوں نے دوٹوک پیغام دیا کہ عمران خان کی رہائی پر کمپرومائز نہیں ہوگا۔ کہا جاتا ہے ہم معافی مانگیں پہلے جو لاشیں ہمارے گھروں میں آئیں اس پر معافیاں مانگیں۔ سوات آپریشن سمیت دہشت گردوں کے خلاف کھڑے رہے ہیں ساتھ دیا کس  بات پر معافی مانگیں؟

علامہ راجہ ناصر عباس کا تقریب سے خطاب:

علامہ راجہ ناصر عباس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قومیتوں پر لڑایا جاتا تھا آج سب اکٹھے ہیں۔ جو ہماری چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے۔ کپڑے اتارے جاتے ہیں ۔ یہ کرنے والوں کو ننگا کرنا ہو گا۔ آج کشمیر ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ 8 فروری کو ہم گھروں میں نہ جاتے تو ان بزدلوں کی جرات نہ ہوتی فارم 47 تبدیل کرتے۔ عمران عوام کے حقوق کی اور عدل کے نظام کی جنگ لڑ رہا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اس لئے ہے کہ پاکستان کے اندر کئی دہائیوں سے لاقانونیت رہی آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ وطن کو تباہ کیا گیا۔ آئین اور دستور میں جس کی جو جگہ ہے وہ وہاں ہی رہے۔ آئین شکنوں کا تعاقب کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں تمام فرعون نمرود قانون شکن تھے۔ انسان سے زندہ رہنے کا حق چھینتے تھے۔ ہم نے بہت سی رکاوٹوں کو عبور کر لیا ہے۔ آج بلوچ سندھی مہاجر پنجابی وطن کیلئے سب اکٹھے ہیں۔ یہ وقت میدان میں اترنے کا ہے۔ ظالم ہمیشہ بزدل ہوتا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا تقریب سے خطاب

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا سب سے پہلے وکلاء کے پاس جائیں گے۔ اس وقت ملک میں آئین کو پامال کیا جارہا ہے۔ یہ صرف تحریک انصاف کی جنگ نہیں۔ پوری قوم کی جنگ ہے۔ آئین کی بالادستی کیلئے اس قافلے میں شامل ہو جائیں۔ عمران کمپرومائز کرتا ڈیل کرتا تو جیل میں نہ ہوتا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے میری زندگی کا مقصد آئین کی بالادستی ہے اس لئے وکلاء کسانوں اور سب کمیونٹی سے ملیں۔ ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے کشمیر میں حکومت کی رٹ ختم ہو گئی۔ چمن میں دھرنا ہے۔ خیبر پختونخواہ میں کل ہڑتال تھی۔ پنجاب میں کسانوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے۔ سب کے سامنے ہے۔ اٹارنی جنرل اور وزیر قانون ان کے دفاع میں آکر جج کی کردار کشی کر رہے ہیں۔ 

اسد محمود قیصر نے مزید کہا کہ عمران خان نے 29 سال قوم کو شعور دیا۔ امیدوار نہیں تھے پھر بھی عوام نے مینڈیٹ دے دیا۔ جیلوں کی صعوبتیں برداشت کر کے ثابت قدم رہنے والی بہنوں اور کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 

انہوں نے سوال کیا کہ ہمیں یہاں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کیا یہ پولیس اسٹیٹ ہے؟ پولیس والو آئین اور قانون کے اندر رہو۔ یاد رکھو ایک ایک کو یاد رکھیں گے۔ تحریک کا آغاز فیصل آباد کے جلسہ سے کریں گے۔ یہ نگران حکومت پر ڈال دے رہے ہیں نگران حکومت کس نے بنائی تھی ان سب کا گٹھ جوڑ ہے۔

محمودخان اچکزئی کا تقریب سے خطاب:

چئیرمین پختونخواہ عوامی ملی پارٹی محمود خاں اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا واحد اتحاد ہے جو صرف ملک میں آئین کی حکمرانی چاہتا ہے۔ ہماری اسٹیبلشمنٹ اس بری عادت کی عادی ہوگئی ہے کسی کو حکومت نہیں کرنے دیتی۔ جو فوجی افسر آئین کی بالادستی کو احترام کرے گا اس کو سلام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت پارلیمنٹ کی اکثریت کا لیڈر ہے۔ یہ تقاضا کرتا ہے عمران خان کو ضمانت پر رہا کر دیا جائے اور ٹرائل اوپن کورٹ میں ہو۔ عمران خان کہیں نہیں بھاگے گا۔ اپنی عوام میں رہے گا۔ آپ تھانوں میں لوگوں کے کپڑے اتارتے ہو۔ یہ طریقہ نہیں چلے گا ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں کیپٹن بیٹھا ہے۔ کمشنر کے دفتر میں کرنل بیٹھا ہے۔

مریم نواز سے کہنا چاہتا ہوں اس کے والد کا سلوگن تھا ووٹ کو عزت دو۔ وزیر اعلی آئی جی کو ہدایت کریں کہ فیصل آباد جہاں سے پی ٹی آئی اکثریت میں جیتی جلسے کی اجازت دے۔ اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو پاکستان میں کوئی جہاز نہیں اتر سکے گا۔ کوئی ٹرین نہیں چل سکے گی۔ کوئی پہیہ نہیں چل سکے گا۔ عمران خان کو رہا کریں۔ آئیں سب سیاسی قائدین اسی پارلیمنٹ سے مسائل کا حل نکالیں۔ 

Watch Live Public News