ویب ڈیسک: پیٹرولیم ڈیلرز نے فی لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 17 روپے کا بڑا مارجن مانگ لیا ہے۔
نجی نیوز چینل کے مظابق پیٹرولیم ڈیلرز نے پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت پر 8 روپے 36 پیسے کا اضافہ مانگا ہے جبکہ ڈیلر اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر 8 روپے 64 پیسے مارجن لے رہے ہیں،ڈیلرز نے حکومت سے یکدم مارجن میں 100 فیصد سے زائد اضافہ مانگا ہے۔
ڈیلرز نے مارجن میں اضافے کے لیے چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو خط لکھ دیا ہے،خط میں کہا ہے کہ اوگرا کی جانب سے حالیہ اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہیں، اوگرا کی جانب سے مجوزہ مارجن کیلکولیشن کو تسلیم نہیں کرتے۔
اوگرا نے او ایم سی کے نئے مارجن میں ایک روپے 40 پیسے اور ڈیلرز کے مارجن میں ایک روپے 35 پیسے کا اضافہ تجویز کیا ہے۔
واضح رہے کہ کل رات پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
حکومت کی جانب سے ہر پندرہ روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جاتا ہے جبکہ اس سے قبل تین مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔