سلمان خان کے گھرفائرنگ کا واقعہ، پکڑے گئےملزمان کون نکلے؟

سلمان خان کے گھرفائرنگ کا واقعہ، پکڑے گئےملزمان کون نکلے؟
کیپشن: Salman Khan's home firing
سورس: Web desk

ویب ڈیسک : ممبئی کرائم برانچ نے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ  کرنیوالے  دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
 رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی باندرہ ویسٹ میں واقع رہائش گاہ کے باہر 14 اپریل کو مبینہ طور پر فائرنگ کرنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں مشتبہ شوٹروں کو پیر کی رات گجرات کے  علاقہ بھوج سے پکڑا گیا۔ دونوں ملزمان کی شناخت وکی گپتا اور ساگر پال کے طور پر کی گئی ہے،ملزم وکی صاحب گپتا اور ساگر شریوگیندر پال بہار کے رہائشی ہیں۔ 
سلمان خان کے اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ اتوار کی صبح 5 بجے ہوئی، جب دو نامعلوم افراد نے باندرہ کے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کی، جہاں اداکار رہائش پذیر ہیں۔ دونوں افراد  نے ہیلمٹ  پہن رکھے تھے اور وہ  موٹر سائیکل پر موقع سے فرار ہو گئے۔

ممبئی پولیس کا کہناتھا کہ ملزم گجرات کے ایک مندر میں چھپے ہوئے تھے،ملزمان کو گجرات سےسیدھا عدالت لایاگیا،9 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا ہے، پولیس نے خفیہ اطلاع پرملزمان کو بھوج کے مندر سے گرفتار کیا ۔
ملزموں نے رائے گڑھ سے پرانی موٹرسائیکل خریدی اور ممبئی میں ایک ماہ کے لیے مکان کرائے پر لیا،دونوں ملزم بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کا حصہ ہیں۔
 یادرہے واقعے کے چند گھنٹے بعد گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اداکار کو خبردار کیا کہ یہ صرف "ٹریلر" ہے۔ اس معاملے میں ملزماں میں سے ایک کا تعلق گروگرام سے ہے، جس کا گینگسٹر روہت گودارا سے تعلق ہے۔
روہت گودارا امریکہ میں مقیم ایک گینگسٹر ہے، جس پر گروگرام کے تاجر سچن منجال کے قتل کا الزام ہے، جسے اس سال مارچ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
نومبر 2022 سے، گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار کی دھمکیوں کی وجہ سے سلمان خان کی سیکیورٹی لیول کو Y-Plus تک بڑھا دیا گیا ہے۔ خان کو ذاتی اسلحہ رکھنے کا بھی اختیار دیا گیا ہے اور انہوں نے اضافی تحفظ کے لیے ایک نئی بکتر بند گاڑی  بھی حاصل کی ہے۔

فیس بک پر ایک پوسٹ میں انمول بشنوئی نے مبینہ طور پر ‘بشنوئی گروپ’ کے دیگر ساتھیوں جیسے گولڈی برار، روہت گودارا اور کالا جٹھاری کی جانب سے ایک پیغام پوسٹ کیا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں۔ ظلم کے خلاف فیصلہ اگر جنگ سے ہو تو جنگ ہی سہی ۔

  سلمان خان ہم نے یہ تمہیں ٹریلر دکھانے کے لیے کیا ہے۔ تاکہ تم سمجھ جاو۔ ہماری طاقت کا مزید امتحان نہ لو۔ یہ پہلی اور آخری وارننگ ہے۔ اس کے بعد خالی گھر پر گولیاں نہیں چلیں گی اور جس داؤد ابراہیم اور چھوٹا شکیل کو تم نے بھگوان مان رکھا ہے۔

اس کے نام کے ہم نے دو کتے پال رکھے ہیں ۔ مجھے زیادہ بولنے کی عادت نہیں ہے۔ پوسٹ کے آخر میں اس نے ‘جئے شری رام’ لکھا ہے۔

Watch Live Public News