اسلام آباد: اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خط لکھ دیا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ کر ملک کو شدید آئنی بحران سے بچانے کی درخواست کر دی۔ اسپیکر کی جانب سے لکھے گئے خط میں 90 دن کے اندر الیکشن ہر صورت میں کروانے کے لئے الیکشن کمیشن کو پابند کرنے کی درخواست کی گئی ہے اس کے علاوہ الیکشن کی تاریخ متعین کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ قبل ازیں سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کراچی میں علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی کا آج تک کا کردار آئینی رہا ہے، ان سے درخواست ہے کہ ملک کو آئینی بحران سے نکالیں اور اپنا آئینی کردار ادا کریں، پاکستان کے آئین، جمہوریت اور سالمیت کا دفاع کیا جائے، قوم صدر پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلم کھلا آئین کے ساتھ بغاوت کی جا رہی ہے۔ گورنر آئینی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں نہ الیکشن کمیشن۔ عدالتی حکم کے مطابق 90 دن کے اندر الیکشن کی تارخ دی جائے۔ ماہرین بھی کہہ رہے ہیں 90 دن سے زیادہ آگے نہیں جا سکتے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کو حق حاصل ہے وہ الیکشن کروانے کی تاریخ دے سکتے ہیں،انہوں نے آئینی کردار بہترین طریقے سے نبھایا ہے۔