وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں گیس اور تیل کی قیمتوں میں تھوڑا سا اضافہ ہوا ہے اور آج کئی اخبارات نے رپورٹ کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے کا اضافہ اور پیٹرول کی قیمت میں چند پیسوں کی کمی ہو گی ہے، میں حیران ہوں کہ میڈیا کو پتہ نہیں یہ خبریں کیسے ملیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوگرا نے جو تجاویز دیں ہیں اس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو آج کے اخبارات میں اضافہ رپورٹ ہوا تھا وہ اضافہ نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کے اعلان کے بعد سے ہی پٹرول کی فی لیٹر قیمت 262 روپے اور ڈیزل کی قیمت 253 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت 164روپے 7پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بھی 147 روپے 68 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔