دل اداس ہے، تو چھٹیاں کیجئے، کمپنی کا بڑا اعلان

11:26 AM, 17 Apr, 2024

ویب ڈیسک : چین کی ایک سپر مارکیٹ چین نے اپنے ملازمین کے لیے سال میں 10 دن کی ’ سیڈ لیوز‘ متعارف کروائی ہیں۔
نیوز ویب سائٹ ’دا سٹریٹس ٹائمز‘ کے مطابق فیٹ ڈانگ لائی نامی سپرمارکیٹ کے ملازمین اگر اُداس ہیں اور ان کا کام پر آنے کا دل نہیں کر رہا تو وہ سال میں دس دن چھٹیاں لے سکیں گے، ان چھٹیوں کو مینجرز بھی مسترد نہیں کر پائیں گے۔
 1995 میں اپنا پہلا سٹور شروع کرنے والے فیٹ ڈانگ لائی کے مالک مسٹر یو ڈونگ لائی کا کہنا ہے ’ہر شخص کے ایسے دن بھی آتے ہیں جب وہ اُداسی کی کیفیت سے گزر رہے ہوتے ہیں، یہ انسانی فطرت ہے۔‘
یو ڈونگ نے کہا ’دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ملازمین اُداس ہونے پر چھٹی لیتے ہیں تو وہ ایک بار پھر خوشی محسوس کر سکتے ہیں۔ اس طریقے سے وہ سمجھ پاتے ہیں کہ کمپنی ان سے تعاون کرتی ہے اور وہ اپنے کام اور ذاتی زندگی میں توازن قائم رکھ سکتے ہیں۔‘
مسٹر یو کے مطابق فیٹ ڈونگ لائی کے ملازمین پہلے ہی 40 دن کی سالانہ چھٹیاں حاصل کرتے ہیں، اس کے علاوہ چینی نئے سال کے جشن کے دوران پانچ دن ویسے ہی سٹورز بند رہتے ہے۔
یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ فیٹ ڈونگ لائی کمپنی اپنے ’ورکر فرسٹ کلچر‘ اور اس سے وابستہ مراعات کے لیے خبروں میں آئی ہو۔
سال 2023 میں چینی میڈیا میں رپورٹ کی گئی خبریں بہت وائرل ہوئی تھیں جن کے مطابق ’اس کمپنی کے ملازمین کو کام کے دوران کسی بھی قسم کے ناگوار یا ہتک آمیز واقعے کا سامنا کرنا پڑے تو کمپنی انہیں ازالے کے طور پر 5,000 یوآن ($950) کی رقم بھی دیتی ہے۔‘
حال ہی میں 5 اپریل کو فیٹ ڈونگ لائی کمپنی اُس وقت خبروں کی زینت بنی جب کمپنی کے مالک مسٹر یو نے انتظامی سطح کے ملازمین کو چھٹیوں پر یورپ جبکہ دیگر ماتحت ملازمین کو جاپان کے دورے پر بھیجا تھا۔
 

مزیدخبریں