مشیر وزیر اعلی کے پی مشال یوسفزئی کیلئے کروڑوں کی گاڑی خریدنے کی سمری مسترد

06:38 PM, 17 Apr, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاونٹ کے مطابق مشیر وزیر اعلی کے پی مشال یوسفزئی کیلئے کروڑوں کی گاڑی خریدنے کی سمری مسترد کر دی گئی۔ 

خیبرپختونخوا میں وزیرا علیٰ کے مشیر برائے سوشل ویلفیئر مشال یوسفزئی کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ کو سمری ارسال کی گئی، جس پر وزیر اعلیٰ ہاؤس سے واضح طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا لیکن سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ سے سمری کے مسترد ہونے کی باتیں سامنے آرہی ہیں۔

محکمہ زکات، عشر و سوشل ویلفیئر کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ارسال سمری میں وزیراعلیٰ کے مشیر اور سیکریٹری سوشل ویلفیئر کے لیے کروڑوں روپے کی 2 لگژری گاڑیاں خریدنے کی منظوری مانگی گئی ہے۔ جس کے مطابق مشیر کے لیے محکمے کے پاس نئی اور بڑی گاڑی دستیاب نہیں ہے جو سال 2013 کابینہ فیصلے کے تحت فراہمی دینا ضروری ہے۔

مشیر وزیر اعلیٰ نے مختلف اضلاع میں دفاتر کے دورے اور دیگر امور کے لیے سرکاری گاڑی کی درخواست کی ہے، جو محکمے کے پاس دستیاب نہیں ہے۔ سمری میں مزید لکھا ہے کہ نہ صرف مشیر بلکہ سکریٹری کے پاس بھی نئی گاڑی نہیں ہے، جو پرانی گاڑی ہے اس کی میعاد پوری ہو چکی ہے۔ جس کی بنا پر محکمے کو 2 نئی گاڑیوں کی ضرورت ہے، اور محکمے کے پاس پابندی میں نرمی کرکے خریداری کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔گاڑیاں نہ ہونے کی وجہ سے اب نئی گاڑیاں خریدنا ضروری ہے، 

محکمے نے مشیر برائے سوشل ویلفیئر کے لیے ایک کروڑ 71 لاکھ کی ٹویوٹا فارچونر گاڑی خریدنے کی منظوری مانگی ہے جبکہ سیکریٹری سوشل ویلفیئر کے لیے 73 لاکھ روپے کی کیا سپورٹیج گاڑی خریدنے کی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نئی گاڑیوں کی سمری مسترد کر دی گئی۔

‏تحریک انصاف نے پابندی کے باوجود نئی گاڑیوں کی خریداری کے سمری پر موقف اپنایا ہے کہ حکومت سمری کو مسترد کر چکی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے وزرا کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کی سمری مسترد کر دی تھی، اور بیوروکریسی نے دوبارہ کسی محکمے کے لیے ایسی سمری بھیجی تو وہ بھی ریجیکٹ ہی ہوگی کیونکہ ہماری اول و آخر ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے۔ تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت بانی چئیرمین عمران خان کے سادگی کے اصول پر سختی سے کاربند ہے۔

مزیدخبریں