افتخار احمد نے ایلون مسک سےکس چیز کی درخواست کردی؟

افتخار احمد نے ایلون مسک سےکس چیز کی درخواست کردی؟
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے خود سے منسوب جھوٹا بیان پھیلانے والے ایکس اکاؤنٹ صارف پر غصے کا اظہار کیا ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر نواز نامی صارف نے افتخار احمد کے نام سے منسوب ایک بیان جاری کیا جس میں لکھا تھا کہ 'جب بھی ہمارا بھارت کے خلاف میچ ہوتا ہے ، تو ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم گلی کے بچوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں'۔ افتخار احمد نے اس ٹوئٹ کا لنک اور اسکرین شاٹ شیئر کیا اور اپنے اس بیان کی مکمل تردید کی۔ قومی کرکٹر نے کہا 'مجھے اس بیان سے آگاہ کیا گیا ہے جو میں نے کبھی دیا ہی نہیں، درحقیقت کوئی بھی پیشہ ور کرکٹر ایسا بیان نہیں دے گا'۔ افتخار نے درخواست کی کہ برائے مہربانی اس قسم کی غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں، ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ نفرت پھیلانے کے سبب اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کیا جائے۔ مڈل آرڈر بیٹر نے ایکس اور اس کے مالک ایلون مسک کو بھی ٹیگ کیا اور درخواست کی کہ برائے مہربانی اس اکاؤنٹ پر پابندی لگائی جائے کیونکہ یہ اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ، بلیو ٹک کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ دوسری جانب نواز نامی اس اکاؤنٹ سے مذکورہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔