ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق کے بیٹے محمد قیوم نے اپنے والد کو قتل کروانے کا اعتراف کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شاہد صدیق کے قتل میں ملوث شوٹر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، قتل میں شاہد صدیق کا بیٹا محمد قیوم بھی ملوث ہے۔
ڈی آئی جی عمران کشور نے بتایا کہ شاہد صدیق کے قتل میں ملوث ملزمان میں نوازش علی، محمد سجاد، محمد شاہد اور ثقلین اسلم شامل ہیں جبکہ شاہد صدیق کے بیٹے محمد قیوم نے معمولی رنجش پر باپ کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ محمد قیوم نے شوٹرز سے 4 کروڑ روپے میں باپ کو قتل کروانے کی ڈیل کی تھی، قتل میں ملوث تمام شوٹرز کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ 2 اگست کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق جاں بحق ہوگئے تھے۔