لاہور کارحادثہ:  6 لوگوں کی موت کا باعث بننے والے ملزم افنان کی ضمانت منظور

لاہور کارحادثہ:  6 لوگوں کی موت کا باعث بننے والے ملزم افنان کی ضمانت منظور

(ویب ڈیسک )   عدالت نے لاہور کے علاقے ڈیفنس  کار حادثے میں  6 افراد کو ہلاک کرنے والے ملزم افنان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے  جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا، عدالت نے ملزم افنان کو ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

دوران سماعت  وکلا نے دلائل دیتے ہوئے  کہا کہ  یہ ایف آئی آر 322 کے تحت درج ہوئی ، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ دوبارہ کوئی واقعہ رونما ہوا ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ یہ اسی دن کاواقعہ ہے، اس میں 3 بیانات دیے گئے ہیں۔

وکیل نے دلائل میں کہا کہ تفتیش میں افنان کے 3 دوستوں کو بے گناہ کردیا گیا ۔ مدعی کے لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔ اس وقوعہ کی جیوفینسنگ کروائی گئی، جن گواہان کو شامل کیا گیا وہ موقع پر موجود نہیں تھے۔گواہ زبیر غفور کےلیے 2 بیانات جمع کرائے گئے۔

وکیل نے کہا کہ افنان کی عمر 17 سال 6 ماہ بنتی تھی،اس پر عدالت نے پوچھا کیا  اسے جیونائل ڈکلیئر کیا گیا؟، جس پر وکیل نے کہا کہ جی چالان میں اسے جیونائل لکھا گیا ہے۔

  وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ  اگر چھ ماہ میں ٹرائل شروع نہیں ہوتا توضمانت دی جائے۔

مدعی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ جس وقت میں نےپہلا بیان دیا، اس وقت میں حواس باختہ تھا۔ جب میرے حواس بہتر ہوئے تو میں نے ضمنی بیان دیا۔ گواہان کے بیان کا اس ضمانت کیس سے تعلق نہیں ہے۔

عدالت نے مدعی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا ضمانت ہوا میں دی جائے گی؟۔ جوشواہد موجود ہیں انہی کی روشنی میں ضمانت پر فیصلہ ہوتا ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے گاڑی کو صرف ٹکر نہیں ماری بلکہ اس نے نیت سے ٹکر ماری۔ عام ایکسیڈنٹ میں گاڑی 55 فٹ دور تک نہیں گرتی۔ گاڑیوں کی فرانزک رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔

سرکاری وکیل نے   لاہور ہائیکورٹ کو بتایا کہ  جیونائل کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جب میڈیکل بورڈ کی رپورٹ آجائے گی تب ضمانت پر فیصلہ کرلیا جائے۔ جیوفینسنگ کی رپورٹ بھی واضح نہیں ہے۔

تاہم لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

Watch Live Public News