ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا

ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا
صوبہ پنجاب میں تحریک انصاف کے ڈی سیٹ ہونے والے 20 امیدواروں کے حلقوں میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے۔ تاہم الیکشن کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ہی مسلم لیگ ن کو اس وقت دھچکا لگا جب اس کے 2 اراکین صوبائی نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پنجاب میں ضمنی انتخاب سے پہلے مسلم لیگ ن کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب پارٹی کے 2 اراکین صوبائی اسمبلی نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو استعفے پیش کرتے ہوئے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کردیا۔ شیخوپورہ سے رکن صوبائی اسمبلی جلیل احمد شرقپوری نے اپنا استعفیٰ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو پیش کیا۔ اسی طرح نارووال سے بھی مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی غیاث الدین نے چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کیا۔ پرویز الٰہی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ ’آج شہباز شریف جس طرح اشتہاریوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، میں کس طرح ان کے ساتھ چل سکتا ہوں۔ عمران خان کے ویژن کے ساتھ پہلے بھی تھا اور اب بھی ان کے ساتھ چلوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’آج ایک سوچ اور نظریے کے تحت استعفیٰ دیا ہے۔ میری اپیل ہے کہ تمام حلقوں کے اندر محب وطن اور اسلام پسند لوگ تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ میری دعا ہے کہ عمران خان کا ویژن کامیاب ہو تاکہ جس مقصد کے لئے پاکستان بنا تھا اس کو ہم حاصل کر سکیں۔ مسلم لیگ ن کے لئے یہ ضمنی الیکشن اس لئے بھی بہت اہم ہیں کیونکہ حمزہ شہباز شریف کے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر برقرار رہنے کے لئے اس جماعت کو 20 میں سے کم از کم 9 نشستوں پر کامیاب ہونا ضروری ہے۔ صوبے کے 14 اضلاع کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 175 امیدوار آمنے سامنے ہیں جبکہ ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 45 لاکھ  79 ہزار 898 ہے اور اس سلسلے میں تین ہزار 131 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ https://twitter.com/ECP_Pakistan/status/1548508058673745920?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1548508058673745920%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.independenturdu.com%2Fnode%2F108486 پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوگئی، جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ جن حلقوں میں انتخاب ہونے جا رہا ہے، ان کی تفصیل کچھ یہ ہے۔ لاہور کے حلقے پی پی 158، پی پی 167، پی پی 168 اور پی پی 170۔ جھنگ کے حلقے پی پی 125 اور پی پی 127۔ راولپنڈی کا حلقہ پی پی 7۔ خوشاب کا حلقہ پی پی 83، شیخوپورہ کا حلقہ پی پی 140، لودھراں کے حلقہ پی پی 224، پی پی 228۔ ڈیرہ غازی خان کا حلقہ پی پی 288۔ ملتان کا حلقہ پی پی 217۔ چک جھمرہ، فیصل آباد کا حلقہ پی پی 97۔ ساہیوال کا حلقہ پی پی 202۔ بھکر کا حلقہ پی پی 90۔ بہاولنگر کا حلقہ پی پی 237۔ مظفر گڑھ کے حلقے پی پی 272 اور 273 ۔ لیہ کا حلقہ پی پی 282۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔