لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو پانچ ہزار روپے جرمانہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔ عدالت نے ٹریفک پولیس اور حکومت کو ہدایت کی کہ حکومت اس پر رولز بنائے اور عدالت اس پر حکم جاری کردے گی ۔جسٹس شاہد کریم نے ٹریفک پولیس سے کہا قوانین کی خلاف ورزی پر 5 ہزار جرمانہ کریں، شہری خود ٹھیک ہو جائیں گے، پولیس پہلے 10 دن ہیلمٹ کی تشہیر کرے، شہریوں کو آگاہی دیں۔ عدالت نے لاہور کی سٹرکوں پر ٹریفک وارڈنز کا جگہ جگہ سٹرک بلاک کرکے چالان کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔عدالت نے کہا کہ آدھی سٹرک بلاک کرکے وارڈنز چالان کررہے ہوتے ہیں جس سے ٹریفک جام ہوتی ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔