اسلام آباد: ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ کے مقام پر 2 لاکھ 69 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے ۔ پانی کی سطح میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ بستی سفلیاں والی، مستے کی، گاٹی کیلنجر گاﺅں کو مکمل طور پر خالی کروا لیا گیاہے۔ چندا سنگھ ، ڈوناموبو کی، بھکی ونڈ ، کمال پور ، دھوپ سڑی گاﺅں جزوی خالی کروائے گئے ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے 26کشتیاں فراہم کی جاچکی ہیں، پانچ ڈمپرز ، پانچ ٹرالی ٹریکٹرز سیلاب سے متاثرہ دیہات میں پہنچا دیئے گئے ہیں۔ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے بھرپور تعاون کیا جار ہا ہے ۔ تلوار چیک پوسٹ پر موبائل ہسپتال قائم کر دیا گیاہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق موبائل ہیلتھ ٹیموں کے ذریعے لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔محکمہ مال کا عملہ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے ۔