ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دیدی

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان سلطانز نے رنز کے اعتبار سے پی ایس ایل کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، اس سے قبل ملتان ہی نے کوئٹہ ہی کو 110 رنز سے ہراکر ریکارڈ بنایا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کو جیت کیلئے 246 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا، جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 15.5 اوورز میں 128 رنز بناسکی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچ میں ملتان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سلطانز کی جانب سے شان مسعود اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا ہے اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 119 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

شان مسعود 38 گیندوں پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد رلی روسو وکٹ پر آئے اور کوئٹہ کے بولرز کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے صرف 26 گیندوں پر دھواں دھار 71 رنز بنائے جبکہ کپتان محمد رضوان 83 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے جو کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 15.5اوورز میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمر اکمل 50 اور جیسن رائے 38 رنزبناکر نمایاں رہے۔ ملتان کی جانب سے آصف آفریدی، ڈیوڈ ویلی، شاہنواز دھانی اور خوشدل شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

Watch Live Public News