دلجیت دوسانجھ نے برطانوی سنگر ایڈشیرن سے پنجابی میں گانا گوا دیا

03:36 PM, 18 Mar, 2024

ویب ڈسک: برطانوی سنگر ایڈشیرن نے بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ہمراہ ایک ہی اسٹیج پر کھڑے ہو کرپنجابی میں  گیت گایا جس کی ویڈیو یوٹیوب پر وائرل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دلجیت دوسانجھ نے ایڈشیرن کی دعوت پر اپنا گیت ”لور“ گایا جسے اسٹیج کے قریب موجود ناظرین و سامعین کی بڑی تعداد نے پسند کیا اور گیت کے آخر تک دلجیت کے ہمراہ گانے کے بول گنگناتے نظر آئے۔

قبل ازیں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں برطانوی گلوکار ایڈ شیرن نے کہا کہ میں آج اسٹیج پر دلجیت کو بلا رہا ہوں اور ممبئی کے اسٹیج پر مجھے پہلی بار پنجابی گیت سنانے کا موقع ملے گا۔ بھارت میں میرا وقت بہت اچھا گزرا۔

چالیس سالہ دلجیت دوسانجھ دنیا بھر میں جنوبی ایشیاء کے بڑے آرٹسٹ سمجھے جاتے ہیں جس نے عالمی سطح پر پنجابی گائیکی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ 2023 میں دلجیت وہ پہلے پنجابی آرٹسٹ تھے جنہیں کوچیلا میں پرفارمنس کا موقع ملا۔

یہی نہیں، بلکہ دلجیت دوسانجھ نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی جھنڈے گاڑتے ہوئے جوڑی، گڈ نیوز، جٹ اینڈ جولیٹ، جوگی، حوصلہ رکھ اور سورما جیسی فلموں میں ایکٹنگ کی اور متعدد کرداروں میں دلجیت دوسانجھ کی اداکاری کی تعریف کی گئی۔

دوسری جانب ایڈ شیرن 15 سال سے برطانوی پاپ کے بہترین فروخت ہونے والے گیت نگاروں میں سے ایک ہیں۔ ایڈ شیرن اور دلجیت دوسانجھ کی مشترکہ پرفارمنس دیکھنے کیلئے ممبئی کے 50 ہزار شائقین نے مہالکشمی ری کورس کا رخ کیا تھا۔

مزیدخبریں