ویب ڈیسک: ملت ایکسپریس میں خاتون پر تشدد اور مبینہ ہلاکت کا معمہ،ٹرین میں موجود مسافر نے خاتون کے حوالے سےپبلک نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں بڑے انکشاف کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق مسافر نے خاتون پرتشدد اور مبینہ ہلاکت سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کا ذہنی توازن نارمل نہیں تھا دیکھنے میں ذہنی توازن درست نہیں لگ رہاتھا، خاتون ٹرین میں جھومتی رہی، اور مسافروں پر تھوک رہی تھی،ٹرین میں سفر کےدوران رات ایک بجے تک خاتون زور زور سے چیختی رہی اور مسافروں کو تنگ کرتی رہی ہے۔
مسافر نے مزید انکشاف کیا کہ ایک بجے کے بعد خاتون سو گئی تھی، مسافر نے آن کیمرہ کرنے سے انکار کردیا۔
اس سے قبل اہل علاقہ نےبتایاتھا کہ خاتون کی دماغی حالت درست تھی۔
ابتدائی انکوائری رپورٹ کے مطابق خاتون کی ہلاکت ٹرین سے چھلانگ لگانے سے ہوئی ہے۔ خاتون کی ہلاکت میں پولیس کانسٹیبل میر حسن ملوث نہیں ہیں۔
تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ مزید تاخیر کا شکار ، ابھی تک گتھی نا سلجھ سکی۔ایس ایچ او ریلوے پولیس کی مریم بی بی کے گھر آمد ، تحقیقاتی کمیٹی میں پیش ہونے کی تعمیل کروائی۔
اس سے قبل بھی پولیس نے تعمیل کروائی تھی لیکن مریم بی بی کے بھائی محمد افضل نے مصروفیت کے باعث پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔محمد افضل نے منگل کے روز کمیٹی کے رو برو پیش ہونے کی یقین دہانی کروا دی۔
پبلک نیوز کے نمائندہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں محمد افضل نے پیش ہونے کا کہہ دیا۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے رپورٹ تاخیر کے شکار کی وجہ محمد افضل کا شامل انکوائری نا ہونا بتایا گیا۔تحقیقاتی کمیٹی نے 3 روز میں رپورٹ پیش کرنی تھی جس کا وقت گزر چکا۔