ایم کیو ایم کی بجلی ریلیف نہ دینے پر سول نافرمانی تحریک چلانے کی دھمکی

ایم کیو ایم کی بجلی ریلیف نہ دینے پر سول نافرمانی تحریک چلانے کی دھمکی
کیپشن: ایم کیو ایم کی بجلی ریلیف نہ دینے پر سول نافرمانی تحریک چلانے کی دھمکی

ویب ڈیسک: ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت ہمیں سبسڈی دینا نہیں چاہتی۔ ہمیں ہماری حیثیت بتائی جائے یہ نہ ہو کہ ہم اپنی حیثیت بتائیں تو سول نافرمانی تحریک شروع ہوجائے۔ اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے بھی حکومت سے بجلی سستی کرنے کا مطالبہ کیا اور بصورت دیگر ایک ماہ بعد اسلام آباد دھرنا دینے کی دھمکی بھی دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہمارے گھر میں آگ لگی ہے کل تمھہارے گھر میں لگے گی۔ آگر ہمارا گھر آگ میں جلے گا تو تمھارا گھر بھی جلے گا۔ کراچی میں آگ لگے گی اور شاہراہ فیصل پر آگ لگے گی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ وارننگ ہے۔ اپنا ووٹ بینک مضبوط کرلو باقی سب جائیں بھاڑ میں۔ مرد کے بچے بنو کھل کے سامنے آؤ۔ جو 14 روپے کا ریلیف پنجاب کو دیا ہے وہ کراچی کے لیے بھی کریں۔ کراچی اور سندھ کی عوام کو 14 روپے کی سبسڈی وفاق دے کیونکہ جب حکومت سندھ ہمیں سبسڈی دینے سے انکاری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بتا دیجیے کہ ہماری حیثیت کیا ہے۔ ہم نے اپنی حیثیت بتائی تو سول نافرمانی کی تحریک نہ شروع ہوجائے۔ پھر ہم بتا دیں گے کہ ہم نے ملک کیسے حاصل کیا تھا۔ ہم بتا دیں گے کہ اس ملک کو چلا بھی ہم رہے ہیں۔ تاہم اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں ںے کہاکہ اللہ نہ کرے کراچی سے سول نافرمانی کی تحریک شروع ہو۔

ایم کیو ایم کے بعد اے این پی کا بھی حکومت سے سستی بجلی کا مطالبہ 

عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے حکومت کو بجلی سستی نہ کرنے پر اسلام آباد میں دھرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ سستی بجلی پیدا کررہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں صدر عوامی نیشنل پارٹی نے کہا کہ سستی بجلی کے پی کے پیدا کررہا ہے لیکن 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف پنجاب کو دیا جارہا ہے۔ اگر خیبر پختونخوا میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ ہوئی تو ہم 1 ماہ بعد اسلام آباد پہنچیں گے۔

بیان میں صدر اے این پی ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں مہنگی بجلی کے خلاف دھرنا دیں گے۔ جہاں آئی پی پیز کی بھرمار ہے وہاں ووٹ بینک کیلئے بلز کم کیے جارہے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں آئی پی پیز سے ایک میگا واٹ کی بجلی بھی پیدا نہیں کی جاتی۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ یہاں کے عوام آئی پی پیز کا بوجھ کیوں برداشت کریں؟پیداواری لاگت کے حساب سے کے پی کے مین بجلی کے نرخوں کا تعین صوبے کا حق بنتا ہے۔ وفاقی حکومت بجلی اور گیس کی مد میں کے پی کے کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔

واضح رہے کہ آج سے 3 روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 2 ماہ کیلئے 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اسی ریلیف کا مطالبہ دیگر صوبے بھی کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News