(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے میجر راجہ عزیز بھٹی کے 59ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میجر راجہ عزیز بھٹی نشان حیدر کے 59ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر نے ستمبر 1965 کی جنگ میں اپنی جرات و شجاعت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔لاہور پر شب خون مار کر قبضہ کرنے کا خواب دیکھنے والے دشمن کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے وطن کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم نے واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جرات و بہادری کا نشان بن کر عددی برتری کے نشے میں چور دشمن اور لاہور کے درمیان سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے رہے۔ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کی وطن کے دفاع کیلئے اس عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کا وطن کی خاطر جان کی پراوہ کئے بغیر دشمن سے لڑنے کا جذبہ اور فرض شناسی نسل نو کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔ مجھ سمیت پوری قوم میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہر جوان کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا خراج عقیدت:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جان نچھاور کی۔میجر عزیز بھٹی شہید نے شجاعت اور جرات کی داستان رقم کی۔ میجر عزیز بھٹی شہید نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ محافظ وطن میجر عزیز بھٹی شہید کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میجر عزیز بھٹی شہید ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
وزیر اعلی مریم نواز کا پیغام :
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے 1965ء کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے یوم شہادت کے موقع پر پیغام جاری کردیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہید کی موت قوم کیلئے حیات نوکا نیا پیغام ہوتی ہے۔ میجر عزیز بھٹی شہید نے پاک سرزمین کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔عزیز بھٹی شہیدنے اپنی بہادری اور شجاعت سے دشمن کو بھی ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہیدنے بہادری اور جرأت کی لازوال مثال قائم کی، دفاع وطن کیلئے میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیوں پر پاکستانی قوم کو ناز ہے۔