ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کی مشہور اداکارہ رائمہ اسلام کو بے دردی سے قتل کرکے لاش کے ٹکڑے بوری میں بند کرکے پھینک دیے۔ پولیس نے ان کے شوہر کو گرفتار کیا تو اس نے تفتیش میںجرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ اداکارہ رائمہ اسلام کی لاش ڈھاکہ کے کیرانی گنج میں ایک پل کے قریب بوری میں بند برآمد کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ گذشتہ کچھ دنوں سے لاپتا تھیں۔ اس علاقہ کے لوگوں نے پیر 17 جنوری کو قدم ٹولی علاقہ میں علی پور پل کے قریب اداکارہ کی لاش دیکھی تھی اور اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ رائمہ اسلام کے جسم پر پائے جانے والے زخموں کے نشانات سے پولیس کو یقین ہوگیا کہ اتوار کو مجرموں نے انہیں قتل کیا ہوگا اور اس کے بعد لاش پھینک دی۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سر سلیم اللہ میڈیکل کالج ہسپتال میں بھیج دی گئی ہے اور معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ ڈھاکہ پولیس نے اس معاملہ میں اداکارہ کے شوہر اور اس کے دوست سمیت 6 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ رائمہ اسلام شیمو کے شوہر سخاوت، اس کے دوست اور ڈرائیور کو تین روزہ ریمانڈ پر لیا گیا تھا، جس کے بعد اس نے گھریلو جھگڑے کی وجہ سے رائمہ کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس سے قبل رائمہ اسلام شیمو کے لاپتہا ہونے کے بعد اس کے رشتہ داروں نے اتوار کو کالاباغان پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ اداکارہ کے شوہر سخاوت علی کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا تھا حالانکہ اس نے ہی اپنی اہلیہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ مقتولہ رائمہ اسلام شیمو کی عمر 45 سال تھی۔ انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز 1998 میں فلم ‘برتمان’ سے کیا تھا۔ وہ اب تک 25 فلموں میں کام کر چکی تھیں۔ وہ بنگلا دیش فلم آرٹسٹ ایسوسی ایشن کی ایسوسی ایٹ ممبر تھیں۔ فلموں کے علاوہ انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا اور پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کی تھی۔