ہانگ کانگ کے چوہے کورونا پازیٹو، سب کو مارنے کا اعلان

ہانگ کانگ کے چوہے کورونا پازیٹو، سب کو مارنے کا اعلان
ہانگ کانگ: (ویب ڈیسک) ہانگ کانگ میں تقریباً 2000 پالتو چوہے کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے تمام متاثرہ چوہوں کو مارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چوہوں میں انفیکشن اس سٹور کے ملازم سے ہوا جہاں انہیں رکھا گیا تھا۔ تفصیل کے مطابق کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان ہانگ کانگ سے ایک چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں کم از کم 2000 چوہے کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ہانگ کانگ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تمام متاثرہ چوہے مار دیئے جائیں گے۔ یہ چوہے پالتو جانوروں کی دکان میں ووڈ-19 سے متاثر پائے گئے ہیں۔ دراصل سٹور میں ایک کورونا پازیٹو ملازم کام کر رہا تھا جس کی وجہ سے چوہے بھی متاثر ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر چوہوں کی درآمد اور برآمد پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اگرچہ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ چوہوں میں موجود کورونا وائرس کے انسان میں منتقل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے تاہم احتیاط کے طور پر متاثرہ سٹورز سے 7 جنوری کے بعد خریدے گئے تمام چوہوں کو لازمی طور پر مار دیا جائے گا۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ سٹور سے خریدے گئے چوہے حکام کے حوالے کریں۔ اس کے علاوہ تمام سٹورز کو ان کی خرید وفروخت روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 22 دسمبر کے بعد پالتو جانوروں کی دکانوں سے خریدری کرنے والوں کو بھی لازمی طور پر کوویڈ 19 کا ٹیسٹ کرانا پڑے گا اور ان لوگوں سے رپورٹس آنے تک الگ تھلگ رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ہانگ کانگ میں کورونا قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ کچھ عرصہ قبل پولیس نے عملے کے دو سابق ارکان کو کووڈ-19 سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا تھا۔ وائرس سے متاثر ہونے کے امکان کی وجہ سے دونوں مبینہ طور پر الگ تھلگ رہنے کے بجائے گھر سے باہر نکلے تھے۔ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دونوں 24 اور 25 دسمبر کو امریکا سے آئے تھے۔