ممبئی: (ویب ڈیسک) ممبئی میں ہندوستانی بحریہ کے ڈاکیارڈ پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ جنگی جہاز آئی این ایس رنویر پر ایک زوردار دھماکا ہوا جس میں ہندوستانی بحریہ کے تین فوجی ہلاک ہو گئے۔ انڈین میڈیا کے مطابق دھماکا آئی این ایس رنویر کے اندرونی کمپارٹمنٹ میں ہوا۔ جہاز کے کپتان اور عملے نے اس واقعہ کے فوراً بعد احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیا۔ آئی این ایس رنویر کو گذشتہ سال نومبر سے مشرقی بحریہ کمانڈ سے کراس کوسٹ مہم پر تعینات کیا گیا تھا اور اسے جلد ہی بیس پورٹ پر واپس جانا تھا۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ آئی این ایس رنویر ہندوستانی بحریہ کے راجپوت کلاس کے پانچ تباہ کن جہازوں میں سے چوتھا ہے۔ یہ جہاز 21 اپریل 1986 کو ہندوستانی بحریہ میں شامل ہوا تھا۔ اس کے ہتھیاروں میں سطح سے سطح اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، طیارہ شکن، میزائل شکن بندوقیں، ٹارپیڈو اور اینٹی سب میرین راکٹ لانچر شامل ہیں۔