ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی سے پارٹی وفد کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا عمران خان سے ملاقات کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ سلمان اکرم راجا سمیت اگر 5 رکنی وفد میں سے کسی ایک کو بھی ملنے کی اجازت نہ ملی تو عمران خان سے باقی وفد بھی ملاقات نہیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے 9 بجے کا وقت مقرر تھا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق ملاقات کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات 12 بجے کے بعد متوقع ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنما چھبیسویں آئینی ترمیم کے چوتھے ڈرافٹ پر مشاورت کریں گے۔
قبل ازیں عمران خان سے ملاقات کیلئے جانے والے پی ٹی آئی کے 5 رکنی وفد میں سے اڈیالہ جیل حکام نے صرف 3 افراد کو کلیئر کیا ہے۔ سلمان اکرم راجا اور صاحبزادہ فضل کریم کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی ہے۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری شیخ وقاص اکرم نے بیان جاری کیا ہے۔ جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اڈیالہ حکام سلمان اکرم راجہ کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دے رہے۔ صرف بیرسٹر گوہر، علی ظفر اور اسد قیصر ملاقات کے لئے کلیئر ہوئے۔
شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس وقت تک نہیں جائیں گے جب تک ہماری طرف سے دیے گئے تمام نام کلیئر نہیں ہو جاتے۔ وہ جیل کے باہر کھڑے ہیں۔صاحبزادہ حامد رضا بھی موجود ہیں۔