خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا کرم کے فریقین سے اسلحہ جمع کرنے، بنکرز گرانے  کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا کرم کے فریقین سے اسلحہ جمع کرنے، بنکرز گرانے  کا فیصلہ

(ویب ڈیسک )  خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے کرم کے فریقین سے اسلحہ جمع کرنے، بنکرز گرانے اور فرقہ ورانہ منافرت پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے زیرصدارت ایپکس کمیٹی اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع کرم کے مسئلے کے پائیدارحل کیلئے لائحہ عمل کوحتمی شکل دے دی گئی اور کرم کے دونوں فریقین سے اسلحہ جمع کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فریقین حکومت کی ثالثی میں معاہدے پر دستخط کریں گے اور رضاکارانہ طورپراسلحہ جمع کرنے کیلئے دونوں فریق 15 دنوں میں لائحہ عمل دیں گے۔

ایپکس کمیٹی نے مزید فیصلے کیے کہ  یکم فروری تک تمام اسلحہ انتظامیہ کے پاس جمع کیا جائے اور یکم فروری تک علاقےمیں قائم تمام بنکرز گرادیے جائیں گے، اس دوران علاقے کا زمینی راستہ وقفے وقفے سے عارضی طور پر کھول دیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیاکہ علاقے میں آمدورفت کے مسئلے کے حل کیلئے خصوصی ائیرسروس شروع کی جائے گی، وفاقی اورصوبائی حکومتیں ہیلی کاپٹر فراہم کریں گی۔

ایپکس کمیٹی نے کہا ہے کہ فریقین پرتشدد کارروائیوں سے اجتناب کریں تاکہ زمینی راستےکھلے رہیں، پرتشدد کارروائیاں ہوئیں تو انتظامیہ راستے دوبارہ بندکرنے پر مجبور ہوگی، اس کے علاوہ علاقے میں فرقہ ورانہ منافرت پھیلانے والے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کوبند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کرم کا مسئلہ صرف علاقائی نہیں، قومی اور سنجیدہ مسئلہ ہے، مسئلے پرکسی کو اپنی سیاست چمکانےکی اجازت نہیں دی جائےگی جبکہ مسئلے پربعض سیاسی قائدین کی طرف سے سیاسی بیانات قابل افسوس ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرم کے مسئلے پر صوبائی، وفاقی حکومتیں اورتمام متعلقہ ادارےایک ہی پیج پر ہیں، کرم میں بچوں کی اموات کوغلط رنگ دیاجارہاہے اور اس کاحقیقت سےتعلق نہیں، صوبائی حکومت نے کرم کے مسئلے کو جرگوں کے ذریعے حل کرنےکی تمام کوششیں کیں اور امید ہے مسئلے کے پائیدار حل کیلئے فریقین حکومت اور انتظامیہ سےتعاون کریں گے اور علاقے کےلوگوں کی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے حکومت کی عملداری کویقینی بنایا جائے گا۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں تیراہ اورجانی خیل میں سکیورٹی کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور بریفنگ میں بتایا گیاکہ تیراہ اورجانی خیل میں دہشتگردوں کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنےمیں آیاہے۔ 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ جان ومال کی حفاظت کیلئے کچھ علاقوں سے عارضی نقل مکانی کروائی جاسکتی ہے۔

ایپکس کمیٹی نے اپیل کی کہ تیراہ اورجانی خیل کے لوگ شرپسندوں کو نکالنے میں حکومت سےتعاون کریں۔

Watch Live Public News