پی ایس ایل 6 کیلئے سکیورٹی پلان جاری

پی ایس ایل 6 کیلئے سکیورٹی پلان جاری

کراچی (پبلک نیوز) نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کا چھٹا سیزن آج سے شروع ہو رہا ہے جس دوران ہونے والے میچز کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ مجموعی طورپر کر اچی پولیس کے 5000سے زائد اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

سیکیورٹی پلان ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیرصدارت اجلاس میں تشکیل دیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد، کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی، پولیس، فوج، رینجرز اور پی سی بی کے سینیئر افسران سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

سکیورٹی پلان کے مطابق پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے لیئے سکییورٹی ڈویژن کے2500 اہلکار اور 1070ایس ایس یو کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے۔ ٹریفک پولیس، ریپڈ رسپانس فورس، اسپیشل برانچ اور ضلعی پولیس کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار بھی سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

حساس مقامات پرماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں گے۔ اسٹیڈیم کے اطراف امن وامان کی صورتحال کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پر کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات کی جائے گی۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹس ٹیم کو اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے گا۔

حفاظتی انتظامات کو مزید موٗثر بنانے کے لیے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ پارکنگ پوائنٹس پر ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز رہنمائی کے لیے موجود ہوں گی۔ عام شائقین بیت المکرم مسجد کے قریب یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعیدگراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کریں گے۔

وی آئی پی شخصیات کی گاڑیاں نیشنل کوچنگ سینٹر سے متصل چائنا گراؤنڈ میں پارک ہوں گی۔ تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم اوراسٹیڈیم سے پارکنگ پوائنٹس تک پہنچانے کے لیئے شٹل سروس چلائی جائے گی۔ اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل شائقین کو واک تھرو گیٹس اورجامع تلاشی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے شائقین کو اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ ہمراہ لانا ہو گا۔ اصل قومی شناختی کارڈ اور ٹکٹ نہ ہونے کی صورت میں اسٹیڈیم میں داخلہ ممنوع ہو گا۔ کھانے پینے کی اشیاء، پانی کی بوتلیں اور دیگر اشیاء اسٹیڈیم میں لیجانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

کورونا وائرس کے پیش نظر ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہر تماشائی پر لازمی ہو گا۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔