سیاسی کیسز ریٹائرڈ ججز کے پاس لگانا مناسب نہیں،فواد چودھری

سیاسی کیسز ریٹائرڈ ججز کے پاس لگانا مناسب نہیں،فواد چودھری
کیپشن: سیاسی کیسز ریٹائرڈ ججز کے پاس لگانا مناسب نہیں،فواد چودھری

ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیاسی کیسز ریٹائرڈ ججز کے پاس لگانا مناسب نہیں۔حاضر سروس ججز کو ہی یہ کیس سننے چاہئیں۔مزید کہا کہ ٹریبونلز کو تبدیل نہ کرنے کا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا بڑا اچھا فیصلہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت کے بعد لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر فواد چودھری گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کا ریویو دائر نہ کرنے کا فیصلہ اچھا ہے۔

فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی تسلیم کرے ، مریم نواز کو خطرہ ہے کہ اگر فارم 45 کھلے تو ان کی اپنی سیٹ خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایک ثاتر یہ ہے کہ ججز کو ڈرانے کے لیے مارشل لاء کی باتیں ہو رہی ہیں، سیاسی کیسز ریٹائرڈ ججز کے پاس لگانا مناسب نہیں، حاضر سروس ججز کو ہی یہ کیس سننے چاہئیں۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ٹریبونلز کو تبدیل نہ کرنے کا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا بڑا اچھا فیصلہ ہے، چیف جسٹس صاحب نے تو اپنے ججز کے ساتھ ہی کھڑے ہونا تھا۔

جلاؤ گھیراؤ کیس: عدالت کا تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع

قبل ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں فواد چودھری،حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کیخلاف لاہور راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل نہ ہوئی تو میں قانون کے مطابق فیصلہ کر دوں گا۔

بعدازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں فواد چودھری و دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 7 اگست تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

Watch Live Public News