ماسکو: روس نے نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سرمت کا پہلا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی فوج ک جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایک نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سرمت کا پہلا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرمت بیلسٹک میزائل دنیا کا سب سے طاقتور میزائل ہے ،اس کی رینج سب سے زیادہ ہے،یہ میزائل ہماری اسٹریٹجک نیوکلیئر فورسز کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔سرمت دیگر قسم کے وار ہیڈز کیساتھ ہائپرسونک گلائیڈ گاڑیاں لیجانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سرمت میزائل اٹھارہ ہزار کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور پورے فرانس جتنے علاقے کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یہ ایسا اسٹریٹیجک ہتھیار ہے جو مغربی ملکوں کو روس کیخلاف کوئی بھی جارحانہ اقدام اٹھانے سے قبل دوبار سوچنے پر مجبور کردے گا۔ ادھر پینٹاگون کا کہنا ہےکہ روس کا میزائل تجربہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرے کا باعث نہیں ہے۔