معاشی بحالی کا پلان تیار، سول و عسکری قیادت کا ملکر رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق

معاشی بحالی کا پلان تیار، سول و عسکری قیادت کا ملکر رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق
اسلام آباد: پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے قومی پلان تیار کر لیا گیا ہے ، سول و عسکری قیادت نے مل کر تمام رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا ہے ، اس سلسلہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل بھی قائم کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت کونسل کا پہلا اجلاس بھی ہوا، جس میں آرمی چیف، وزراء اعلیٰ، وفاقی وصوبائی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی، کونسل کے پہلے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق قومی حکمت عملی سے ملک کو درپیش موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا، غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت زراعت، لائیو سٹاک، معدنیات، کان کنی کے شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زرعی پیداوار جیسے شعبوں میں اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا، ان شعبوں کے ذریعے مقامی پیداواری صلاحیت اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق منصوبے کے تحت ایک حکومت اور اجتماعی حکومت کے تصور کو فروغ دیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں، منصوبے پر عملدرآمد کو تیز کرنے کے لئے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل بنادی گئی ہے، کونسل سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری میں سہولت کیلئے سنگل ونڈو کی سہولت کا کردار ادا کرے گی۔ منصوبے کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کیا جائے گا، طویل اور دقت کا باعث بننے والے دفتری طریقہ کار اور ضابطوں میں کمی لائی جائے گی، تعاون اور اشتراک عمل کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا، سرمایہ کاری اور منصوبوں سے متعلق بروقت فیصلہ سازی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وقت کے واضح تعین کے ساتھ منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی لائی جائے گی تاکہ ایک ہی معاملے پر دوہری کوششوں کے رجحان کا خاتمہ ہو، وفاق اور صوبوں کی اعلیٰ سطح شرکت تمام مشکلات کے باوجود معاشی بحالی کے قومی عزم کا واضح اظہار ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ معاشی بحالی کیلئے حکومت کے پلان پر عملدرآمد کی کوششوں کی پاکستان آرمی بھرپور حمایت کرتی ہے اور اسے پاکستان کی سماجی و معاشی خوشحالی اور اقوام عالم میں اپنا جائز مقام واپس حاصل کرنے کی بنیاد سمجھتی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔