انسانی اسمگلروں کی کارروائیاں بر وقت نہ روکنے پر وزیرِ اعظم برہم

انسانی اسمگلروں کی کارروائیاں بر وقت نہ روکنے پر وزیرِ اعظم برہم
انسانی اسمگلروں کی کارروائیاں بر وقت نہ روکنے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اظہارِ برہمی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فرانس روانگی سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت یونان میں پیش آئے کشتی کے سانحے پر اجلاس منعقد ہوا ، جس میں وفاقی وزراء رانا ثناء اللّٰہ، مریم اورنگ زیب، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، ڈی جی ایف آئی اے، چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر اور متعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو یونان کے قریب بحیرۂ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اظہارِ برہمی کیا کہ انسانی اسمگلروں کی کارروائیاں بر وقت کیوں نہ روکی گئیں؟ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کا جن اضلاع سے تعلق ہے وہاں کی انتظامیہ نے ملوث ایجنٹوں کی کارروائیوں کا بر وقت نوٹس کیوں نہ لیا؟ انہوں نے کہا کہ وزیرِ داخلہ تحقیقات کی نگرانی اور ذمے داران کو سزا دلوانے کے لیے ضروری قانون سازی کے لیے تجاویز مرتب کریں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کشتی واقعے کے ذمے داران کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تحقیقاتی کمیٹی کو کارروائی مکمل کر کے واقعے کی جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔