لاہور: (ویب ڈیسک) مال روڈ پر صبح سویرے افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سٹیٹ بینک کے باہر ایک ادھیڑ عمر شخص کو ڈاکوئوں نے ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطاق پچپن سالہ عتیق نامی شہری نئے نوٹ فروخت کرتا تھا۔ آج صبح بھی وہ فٹ پاتھ کر نوٹ سجائے خریداروں کی آمد کا منتظر تھا کہ اچانک ڈاکو آ گئے۔ ڈاکوئوں نے مقتول سے کرنسی نوٹ چھیننے کی کوشش کی۔ تاہم عتیق نامی شہری نے مزاحمت کی تو وہ اسے گولیاں مار کر فرار ہوگئے جبکہ رقم بھی نہیں لوٹی اور اسے وہیں چھوڑ گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوئوں کی گولیاں لگنے سے مقتول عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔ تاہم اسے ریسکیو 1122 کے ذریعے نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی ہلاکت کی مزید تصدیق کردی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کے بعد واقعہ کی مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔