پبلک نیوز: سیکیورٹی فورسز نے پنجگور میں گزشتہ رات خفیہ معلومات کی بناء پر آپریشن کرتے ہوئے خطرناک دہشتگرد کو جہنم واصل کردیا ہے جبکہ 2 دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق 20/21 مارچ 2024 کی رات کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع پنجگور میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں پتہ لگایا جس کے نتیجے میں دہشت گرد چاکر لیاقت کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہو گئے۔ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ سینیٹائزیشن آپریشن علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔