سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر کے خط کا جواب دے دیا

سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر کے خط کا جواب دے دیا
لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے خط کا جواب دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر نے گورنر کو لکھے گئے خط میں اپنی رولنگ کے حوالے سے آئینی پوزیشن واضح کر دی۔ سپیکر سبطین خان نے گورنر کو خط میں کہا ہے کہ آپ کا لکھا گیا خط حقائق کے منافی ہے، پنجاب اسمبلی رولز آف پروسیجر کے آرٹیکل 209 اے کے تحت 20 دسمبر کو دی جانے والی رولنگ کے تحت آپ کا طلب کردہ اجلاس غیرآئینی تھا۔ سپیکر نے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ سپیکر کو ایوان میں پیش ہونے والے ہر معاملے پر رولنگ دینے کا اختیار ہے، سپیکر اسمبلی کی کارروائی پر آزادانہ فیصلہ کر سکتا ہے، سپیکر کی جانب سے دی گئی رولنگ کو آئین کے آرٹیکل 69 کے تحت مکمل تحفظ حاصل ہے۔ خط کا متن ہے کہ آپ کی جانب سے بھجوائے گئے خط کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں ہے، آپ کا یہ کہنا کہ میری وجہ سے وزیراعلی اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکے، غلط ہے، 21 دسمبر کو اسمبلی کا کوئی اجلاس بلایا ہی نہیں گیا تھا تو وزیراعلی کیسے اعتماد کا ووٹ لیتے، میری 20 دسمبر کی رولنگ مکمل آئینی و قانونی اور آپ کا اس کے جواب میں 21 دسمبر کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔