حلیم عادل شیخ پر تشدد کے الزامات مسترد

حلیم عادل شیخ پر تشدد کے الزامات مسترد

سندھ حکومت نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر تشدد کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے جیل کے اندر کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حلیم عادل شیخ کو پولیس سیکیورٹی میں جیل کے اندر منتقل کیا جا رہے ہے۔ جيل سپرٹنڈنٹ کے مطابق حلیم عادل شیخ کو کسی نے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا جبکہ انہیں جیل کے اندر لے جانے کے دوران کچھ قیدیوں نے نعرے بازی کی۔ جیل حکام نے یہ بھی بتایا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی تحریری درخواست کے بعد انہیں این آئی سی وی ڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا تھا کہ جیل میں ان پر تشدد کیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنماء خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا کہ جیل میں حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ چھوڑا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو 16 فروری کو حراست میں لیا گیا تھا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حلیم عادل شیخ اور دیگر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔