حکومت کو پیٹرو کیمیکلز ، اوریو کیمیکلز کی بڑھوتری  کیلئے کام کرنا ہو گا، چیئرمین پی سی سی معظم رفیق

حکومت کو پیٹرو کیمیکلز ، اوریو کیمیکلز کی بڑھوتری  کیلئے کام کرنا ہو گا، چیئرمین پی سی سی معظم رفیق

چیئرمین پاکستان  کیمسٹری کونسل معظم رفیق کا کہنا ہے کہ  حکومت کو پیٹرو کیمیکلز اور اوریو کیمیکلز کی بڑھوتری کے لئے کام کرنا ہو گا۔

پاکستان کیمسٹری کونسل کے چیئرمین معظم رفیق نے ایف پی سی سی آئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیمسٹری کونسل اور بی ٹو بی میڈیا کے تعاون سے تین روزہ پاکستان کیمیکل فورم 4 سے 6 مارچ کے دوران ایکسپو سنٹر لاہور میں ہو گی۔ جس میں دنیا بھر میں کیمیکلز سے وابستہ 250 سے زائد کمپنیاں حصہ لیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ تین روزہ نمائش میں آٹو موٹیو، ٹیکسٹائل، کنسٹرکشن، کیمیکلز، سمیت دیگر انڈسٹری سے منسلک افراد نے نمائش میں حصہ لینے کے لئے رابطہ کیا ہے۔ آئندہ آنے والی حکومت صنعت و زراعت کی ترقی و خوشحالی کے لئے دس سالہ منصوبہ دے جسے کوئی بھی تبدیل نہ کر سکے۔

معظم رفیق نے کہاکہ  کیمیکلز کے کاروبار سے وابستہ افراد اپنی ایکسپورٹس میں اضافہ کریں۔ اس وقت پاکستان سے ویلیو ایڈیشن کے بعد کیمیکلز کی ایکسپورٹ ڈیڑھ ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جبکہ امپورٹ 20 ارب ڈالر ہندسہ چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان کیمیکلز کی ماں نیفٹا کریکر  پاکستان میں لگاتی ہے تو کئی ہزار کیمیکلز ملک میں ہی تیار کئے جا سکتے ہیں۔ جبکہ کاروبار اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ہمسایہ ملک بھارت کے پاس 7 نیفٹا کریکر پلانٹس ہیں جس کے بعد بھارت پیٹرو کیمیکلز درآمد کرنے کی بجائے ایکسپورٹر بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  حکومتی پالیسیاں ٹریڈرز کے لئے ہیں مینوفیکچررز کے لئے نہیں۔ حکومت کو پیٹرو کیمیکلز اور اوریو کیمیکلز کی بڑھوتری کے لئے کام کرنا ہو گا۔ 

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز بھی موجود تھے۔

ہیڈ اکنامک افئیرز