ویب ڈیسک: بالی وڈ اداکار وکی کوشل کی فلم ' چھاوا' ان کے کریئر اور سال 2025 کی اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ دینے والی فلم سمجھی جا رہی ہے۔
فلم نے ریلیز کے ایک ہفتے کے دوران بھارت بھر سے لگ بھگ 219 کروڑ سے زائد روپے کمائے ہیں۔
' چھاوا' 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلم نے جمعرات تک بھارت بھر سے 219.75 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔
اب جمعے کو اداکار ارجن کپور، بھومی پڈنیکر اور راکول پریت کی فلم 'میرے ہسبینڈ کی بیوی' ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ایکشن اور تاریخ پر مبنی فلم ' چھاوا' کی ہدایت کاری لکشمن اتیکر نے دی ہیں جب کہ اسے 'میڈ ڈوک فلمز' کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔
فلم میں وکی کوشل اور رشمیکا مندنا کے علاوہ اداکارہ ڈیانا پینٹی اور اداکار اکشے کھنا نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلم کی کہانی مراٹھا راجہ چھترپتی سمبھاجی کے دور کے گرد گھومتی ہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق ریاست مدھیا پردیش کی حکومت نے مراٹھا راجہ چھترپتی سمبھاجی کی سال گرہ کی خوشی میں ' چھاوا' کو ٹیکس فری قرار دیا تھا۔
بعد ازاں ریاست گووا کی حکومت نے بھی فلم کو ٹیکس فری کرنے کا حکم دیا تھا۔