' افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے فوری امدادی سامان بھجوایا جا رہا ہے '

' افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے فوری امدادی سامان بھجوایا جا رہا ہے '
اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے فوری امدادی سامان بھجوایا جا رہا ہے۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہنگامی امدادی سامان میں خوراک، خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 'این ڈی ایم اے' نے دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر امدادی سامان کا انتظام کیا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم نے افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر امداد بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ افغانستان میں طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 950 افراد جاں بحق اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان صوبہ پکتیکا میں ہوا ہے۔ اس صوبے میں بڑی تعداد میں مکانات ملبے میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ یہاں سے آنے والی تصاویر میں زخمیوں کو سٹریچر میں لے جایا دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک مقامی اہلکار کے مطابق کہ مرنے والوں کی تعداد اب تک 950 سےزائد ہے تاہم اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ افغانستان کے مقامی اخبار ت کے مطابق زخمیوں کی تعداد بھی 500 سے زائد ہے۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی شہر خوست سے 44 کلومیٹر دور تھا۔ افغانستان، پاکستان اور بھارت میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔