’ عدم اعتماد کی ووٹنگ والےدن اسمبلی نہیں جاؤں گا‘

’ عدم اعتماد کی ووٹنگ والےدن اسمبلی نہیں جاؤں گا‘
اسلام آباد : تحریک انصاف کے ناراض ایم این اے احمد حسین دیہڑ نے عدم اعتماد کی ووٹنگ والےدن اسمبلی نہ جانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ناراض ایم این اےاحمد حسین نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں اعلان کیا ہے کہ عدم اعتماد کی ووٹنگ والےدن اسمبلی نہیں جاؤں گا۔احمد حسین دیہڑ کا کہنا تھا کہ میں نے اپوزیشن سےملاقات کی نہ ہی سندھ ہاؤس گیا، اپوزیشن جانتی ہے میں وقت پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں، میں دغا کرنیوالا نہیں تھا اورنہ ہی اب کروں گا۔ پی ٹی آئی اے کے ناراض ایم این اے نے کہا پارٹی کےساتھ کھڑا ہوں اورکسی اور کےساتھ جانےکا اعلان نہیں کیا، مطالبات پورے نہ ہوئےتو سیاست چھوڑ کر گھر بیٹھ جاؤں گا۔حلقے کے مسائل پر کافی عرصے سے احتجاج کر رہا تھا لیکن سنی نہیں گئی، مطالبے پورے نہ کیے اور اوپر سےالزام لگا رہے ہیں کہ میں نے پیسے لیے۔ بعدازاں اس انٹرویو کے بعد احمد حسین دیہڑ نے اپنا وضاحتی بیان بھی جاری کیا. ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی وقت میں ضرور یہ کہا تھا کہ عمران خان کو چھوڑنا بے غیرتی ہے تاہم میرے انٹرویو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا.ان کا کہنا تھا کہ چینل کی جانب سے میرے بارے میں غلط خبر نشر کی گئی ہے، میں اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ میں اپنے مطالبات پر اب بھی قائم ہوں۔ میری درخواست ہے کہ میری کردار کشی نہ کی جائے۔ انہو ں نے کہامیں تو انھیں ارطغرل کا خطاب بھی دیتا تھا لیکن ایک دن میں نے دیکھا کہ عمران خان 7 ایسے اراکین صوبائی اسمبلی کو اپنی جماعت میں شامل کر رہے ہیں جن کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔ احمد حسین دیہڑ کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر میرے خوابوں کا محل ٹوٹ گیا کہ میرا لیڈر یہ کیا کر رہا ہے۔ میں عمران خان کے اس اقدام سے بہت دکھی ہوا۔ اب یہی بات میں نے جب چینل کو بتائی تو انہوں نے میری بات کو توڑ مروڑ کر آگے پیچھے سے فقرے کاٹ کر یہ تاثر دینے کی کہ یہ بیان میں نے حال ہی میں دیا ہے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک اور انٹرویو میں پی ٹی آئی کے منحر ف رکن اسمبلی احمد حسین دیہڑ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حالات کو سمجھ نہیں پارہے ہیں، ڈیڑھ سال کی حکومت باقی ہے جبکہ ارکان اسمبلی کو فنڈز ملنے ہیں، اس وقت حکومت چھوڑ کر اپوزیشن میں جانے والوں پر یہ کس طرح پیسے لینے کا الزام لگاسکتے ہیں، وزیراعظم بتائیں چھ مہینے پہلے ن لیگ کے سات ایم پی ایز کو توڑنے کیلئے کتنے پیسے دیئے۔ یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی رات گئے اہم ملاقات احمد حسین دیہڑ کا کہنا تھا کہ سب کچھ پیسے کیلئے نہیں ہوتا، نہ سندھ ہاؤس گیا نہ اپوزیشن سے ملا،تین سال سے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کہہ رہاہوں، ایم این ایز کی بات یہ سنتے نہیں اور جب ووٹ چاہئے ہوتا ہے تو یاد آجاتی ہے، میں تین مہینے سے اسمبلی نہیں جارہا اس کا عدم اعتماد سے کوئی تعلق نہیں ہے، انہوں نے مجھے بھی انہی ارکان میں شمار کر کے ہمارے گھروں پر کارکنوں سے حملے کرائے اور ہم پرپیسے لینے کے الزامات لگائے گئے، میں نے ایک مہینے پہلے چالیس کروڑ کی چار کنال زمین 1122سینٹر کو وقف کی ہے۔ احمد حسین دیہڑ نے کہا کہ بات سیاست یا حکومت کی نہیں بات عزت کی ہے، وزیراعظم کے بہکاوے میں آکر شرارتی عناصر ہم پر حملہ کرتے ہیں تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا. دوسری جانب پی ٹی آئی کے منحر ف رکن اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این اے ہیں لیکن کسی کے قدموں پرواپس نہیں جائیں گے، ہم سیاسی لوگ ہیں ہم کوئی دشمنیاں نہیں کررہے ہیں،جس طرح ماں بہن کی گالیاں دی جارہی ہیں الزام لگائے جارہے ہیں اس کیخلاف عدالت جاؤں گا، پی ٹی آئی کے منحر ف رکن اسمبلی رمیش کمار نے کہا کہ میرے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، پاکستان کو بہترین سمت میں لے جانے کیلئے استحکام ضروری ہے، آج ہمارے پاس 35ارکان ہیں جو اپنے تحفظات پیش کررہے ہیں، ارکان اپنے تحفظات کا اظہار کریں تو یہ اسے باغیوں کی فہرست میں ڈال کر نوٹس دیدیتے ہیں ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔