ممنوعہ فنڈنگ کیس:عمران خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد

ممنوعہ فنڈنگ کیس:عمران خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) کی عمران خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کردی. اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منسوخی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا.عدالت نے طارق شفیع کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق جہانگیری نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منسوخی کے لیے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے ایف آئی اے کے وکیل اور اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے وکیل نے کہا عمران خان تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئے، جسٹس محسن کیانی نے استفسار کیا کہ ایف آئی آر میں الزامات عارف نقوی پر ہیں، عمران خان پر کیا الزام ہے؟ عمران خان یا تحریک انصاف تو رقوم وصول کرنے والے ہیں۔ وکیل ایف آئی اے نے کہا عمران خان نے چیریٹی کی رقم سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی، چیریٹی کی رقم کسی دوسرے کے غیرملکی اکاونٹ کے ذریعے بھیجنا جرم ہے۔ جسٹس کیانی نے کہا یہ تو قابل ضمانت جرم ہے، سزا دو سال ہے اور کسی بینک اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرنا کوئی جرم تو نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے نوٹس نہیں لیا تو یہ کیس ہی قابل سماعت نہیں ہے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس پر سماعت مکمل کرکے عمران خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔